خفیہ ایجنسیوں، پولیس اور صوبائی محکمہ صنعت کے عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹیم نے چنی گوٹھ کے قریب شریف خاندان کی زیزِملکیت شوگر مل پر چھاپہ مارا جہاں سے 55,000 چینی کی بوریاں برآمد کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیم نے کروڑوں روپے مالیت کی چینی کی بوریاں ضبط کرنے کے بعد گودام کو سیل کردیا ہے۔
سرکاری محکموں میں سے کسی نے بھی فی الحال ذخیرہ اندوز چینی کی بازیابی کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کی ہے تاہم ضلعی پولیس آفیسر کے ترجمان جام ساجد نے تصدیق کی ہے کہ ملوں پر چھاپہ مارا گیا تھا جس کے بعد گودام کو سیل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی پولیس کو ملوں پر چھاپہ مار کارروائی کی اطلاع نہیں دی گئی تھی کیونکہ ضلعی انتظامیہ اس معاملے کو سنبھال رہی ہے۔
واضح رہے کہ 21 فروری کو حکام نے سندھ کے شہر کوٹری میں ایک فیکٹری پر چھاپے کے دوران 10 لاکھ سے زائد چینی کی بوریاں برآمد کی تھیں۔ اس سے قبل پنجاب کے شہر میلسی میں چوک کالونی کے اسسٹنٹ کمشنر نے مقامی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی تھی جس کے دوران ایک ہزار چینی کی بوریاں اور گھی کے 5000 ہزار کنستر قبضے میں لئے گئے تھے۔