سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ضمانت منظور

135

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسلم لیگ (ن)  کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی،جس میں عدالت نے نیب  پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ ایل این جی کیس میں پیپرا رولز کا تو اطلاق ہی نہیں ہوتا،اس میں تو پبلک فنڈ کا استعمال ہی نہیں ہوا تو پھر آپ کا کیس کیا ہے؟

نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ  تمام  عمل میں اوگراکو شامل نہیں کیا گیا  اور شاہد خاقان عباسی نےایل این جی ٹرمینل کی تعمیرکے منصوبے میں اختیارات کاغلط استعمال کیا۔

فاضل جج نے ریمارکس پاس کرتے ہوئے کہا کہ جس کمپنی کو فیس یو ایس ایڈ نے دی، اس پر آپ کیا کہیں گے؟

اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہمیں ابھی تک  اس کمپنی کو ہائر کرنےسے متعلق دستاویزات نہیں مل سکیں۔

بعد ازاں عدالت نے ایک  کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض شاہد خاقان عباسی کی ضمانت منظور کرلی۔