افغان امن معاہدہ: حتمی دستخط میں پاکستانی وزیر خارجہ کو شرکت کی دعوت

317

قطر نے امریکی طالبان امن معاہدے پر حتمی دستخط میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو شرکت کی دعوت دے دی۔

ذرائع کے مطابق قطر نے پاکستان کو 29 فروری کو ہونے والے امریکی طالبان امن معاہدے پر دستخط کرنے کی دعوت دی ہے۔

گذشتہ ہفتے امریکہ اور طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ قطر کے شہر دوحہ میں ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے تیار ہیں جس سے امریکہ کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قطر کے سفیر سقر بن مبارک المنصوری نے قطری حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو افغان امن معاہدہ  پر امریکا اور طالبان کی جانب سے حتمی دستخط میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ افغانستان میں کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی افغان تنازعہ کاحل نہیں ہےاور دنیااب  اس موقف کو قبول کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا مفاہمت کے عمل میں پاکستان اور قطر دونوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا تجربے ہے کہ افغانستان کی عوام امن چاہتی ہے۔ اب یہ ان کے حکام پر منحصر ہے کہ وہ امن کی کوششوں کو آگے بڑھائیں یا طاقت کے کھیلوں میں شامل ہوکر اسے ضائع کریں۔ تمام تر ذمہ داری افغان حکومت پر ہوگی نہ کہ پاکستان پر۔