کرپشن نے نظام مفلوج کردیا، قوم چوروں سے نجات چاہتی ہے، امیر العظیم

231
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم تیمر گرہ میں مہنگائی کیخلاف عوامی مارچ سے خطاب کررہے ہیں

دیر ( نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ سابق حکومتوں کا رونا رونے والے موجودہ حکمران اپنے کرتوتوں کا حساب دیں ۔موجودہ حکومت بھی نواز ، زرداری اور مشرف کی حکومتوںکاتسلسل ہے ۔سب چوروں نے آپس میں مک مکا کر لیا ہے ۔زرعی ملک میں 11 کروڑ لوگ غذائی قلت کا شکا ر ہیں۔روپے کی قدر 40 فی صد تک گر گئی ہے، صنعتیں اور کارخانے بند ہورہے ہیں اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں ۔ عوام تبدیلی کے لیے ووٹ دیتے ہیں مگر حالات پہلے سے بھی زیادہ بگڑ جاتے ہیں ۔ 72 سال سے عوام کی گردنوں پر ایک ہی ٹولہ مسلط ہے اس ٹولے نے عوام کی خوشیاں چھین لی ہیں اور قیام پاکستان کے عظیم مقصد کو پس پشت ڈا ل دیا گیا ہے ۔ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی اور نوجوانوں کا بے روزگاری ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے تیمرگرہ میں مہنگائی کے خلاف عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر العظیم نے کہاکہ وزیراعظم نے اب تک اپنا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا جس سے عوام کے اندر مایوسی بڑھتی جارہی ہے ۔ حکومت روزگار اور چھت دینے کے بجائے روزانہ لوگوں کو بے روزگار اور چھت سے محروم کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف سڑکوں پرنکل آئی ہے قوم چوروں ، ڈاکوئوں ، مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ وہ دیر پائیں تیمر گرہ میںمہنگائی کے خلاف عوامی مارچ سے خطا ب کررہے تھے ۔ عوامی مارچ سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان ، امیر جماعت اسلامی دیر پائیں اعزاز الملک افکاری ، سابق ارکان قومی اسمبلی صاحبزادہ یعقو ب خان ، مولانا اسد اللہ نے بھی خطا ب کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر مظفر سید ، سابق رکن صوبائی اسمبلی سعید خان ، سلطنت یار ، ملک بہرام خان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ امیر العظیم نے کہاکہ کرپشن نے پورے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکاجائے۔ حکمرانوں کی غلط حکمت عملی اور ذاتی مفادات پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آج مسائلستان بن چکا ہے۔لوگوں کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسرنہیں۔ملکی معیشت تباہ وبرباد ہوچکی ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت میں بد دیانت ، خود غرض اور کرپٹ لوگ بیٹھے ہوں تو ملک ترقی نہیں کرتے ۔ وزیراعظم چوروں کو پکڑنے اور ان کا محاسبہ کرنے کی بات کرتے ہیں مگر اپنے پیاروں، جنہوں نے آٹے چینی کا بحران پیدا کر کے غربت کے مارے عوام سے اربوں روپے لوٹ لیے ہیں ، کو پکڑنے کو تیار نہیں ۔ وزیراعظم خود بتائیں کہ احتساب کا کوئی نظام ان حالات میں کیسے کامیاب ہوسکتاہے ۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کے لوگ صاف ستھری شہرت کے حامل اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہیں۔ملک میں اگر کوئی جماعت موروثیت اور کرپشن سے پاک ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے، عوام کے پاس اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں رہا۔