سردار ولی کے اہلخانہ کو انصاف اور معاوضہ دیا جائے، رکشہ یونین

121

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں پولیس اہلکارکی اتفاقیہ گولی کا نشانہ بننے والے رکشہ ڈرائیور کے لواحقین کو معاوضے کی عدم ادائیگی کیخلاف رکشہ ڈرائیوروں کی جانب سے ہڑتال کی گئی۔ بلوچستان رکشہ یونین کی کال پر کوئٹہ میں رکشہ ڈرائیوروں کی جانب سے ہڑتال کی گئی، شہر کی سڑکیں رکشے نہ ہونے کے سبب سنسان رہیں، رکشہ ڈرائیوروں کا مطالبہ تھا کہ جاں بحق رکشہ ڈرائیور سردار ولی کے اہلخانہ کو انصاف اور معاوضہ دیا جائے۔ رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ اگر انصاف نہ دیا گیا تو احتجاج کے دیگر راستے بھی اپنائیں گے۔ واضح ہو سردار ولی 6 فروری کو کوئٹہ کے علاقے مسجد روڈ پر پولیس اہلکار کی اتفاقیہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا۔ ملزم اہلکار کو پولیس نے واقعہ کے بعد حراست میں لے لیا تھا جن کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔