کوئٹہ، آر ٹی اے کی کارروائی، 2 منی بس، 2 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بند

189

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن میرام بلوچ نے آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کے عملے کے ہمراہ ایئر پورٹ روڈ طور ناصر کراس پر غیر قانونی رکشوں، نان کسٹم پیڈ، بغیر پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی، سرچ لائٹس اور اضافی لائٹ لگانے والی پبلک اور مال بردار گاڑیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 منی بس، 2 نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو بند کردیا گیا، جبکہ بس اور ٹرک سے 173 سرچ لائٹس اور 8 اضافی سیٹس موقع پر اتار دیے گئے۔ اس کے علاوہ دوران چیکنگ بغیر پرمٹ، اوور لوڈنگ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور اضافی سیٹ کی مد میں 57 چالان کیے گئے۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے نے تمام ٹرانسپورٹروں اور ڈرائیوروں کو تنبیہ دی کہ وہ دوران سفر اپنی گاڑیوں کے کاغذات، پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس ہمراہ رکھیں تاکہ دوران چیکنگ عملے کو پیش کیا جاسکے جبکہ شہر میں غیر قانونی گاڑیوں اور رکشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ کمرشل گاڑیوں کو بغیر پرمٹ شہر میں چلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹریفک کے نظام کی بہتری اور عوامی سہولیات کے لیے چیکنگ کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ لہٰذا تمام کمرشل گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ جلد ازجلد بنوائیں اور دستاویزات مکمل کریں تاکہ قانونی چارہ جوئی سے بچ سکیں جبکہ غیر قانونی گاڑیوں کی وجہ سے عوام کو ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ لہٰذا عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ دوران چیکنگ عملے سے بھرپور تعاون کرے وگرنہ چیکنگ کے دوران سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔