پشاور (صباح نیوز) پولیس نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں احتجاجی کیمپ پر دھاوا بولتے ہوئے چند اساتذہ کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں اساتذہ کے احتجاجی مظاہرے پر صبح پولیس نے دھاوا بولا‘ پولیس نے لاٹھی چارج کے بعد چند اساتذہ کو گرفتار کیا تو طلبہ بھی نعرے بازی کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور اس واقعے کے خلاف احتجاج کیا۔ بعد ازاں انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ہونے پرگرفتار اساتذہ کو رہا کر دیا گیا تاہم اساتذہ نے اپنے احتجاجی مظاہرے اور ہڑتال کو جاری
رکھتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی‘ اساتذہ پر ہونے والے لاٹھی چارج پر طلبہ تنظیموں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دوسری جانب اسلامیہ کالج میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تقریب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے شرکت کرنی تھی تاہم کشیدہ حالات کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے اپنا دورہ ملتوی کردیا۔