ایرانی نائب صدر میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ، نماز جمعہ کے اجتماعات ملتوی

66

تہران (آئی این پی ) ایرانی نائب وزیر صحت کے بعد خاتون نائب صدر برائے امور خاندا ن و نسواں معصومہ ابتکار میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خاتون نائب صدر برائے امور خاندا ن و نسواں معصومہ ابتکار میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ترک خبرایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ مجتبیٰ زولنور بھی کوروناوائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ایرانی نائب وزیر صحت بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔خیال رہے کہ ایران کے نائب وزیر صحت بھی 2 روز پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں اور ایران میں آج 106نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 7افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ایران میں اب تک کورونا وائرس سے 245افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 26افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔حالیہ دنوں میں ایران جانے والے 2 پاکستانی شہریوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد پاکستان نے ایران کے لیے براہ راست پروازیں معطل کردی ہیں۔ دوسری جانب ایران نے ملک میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر جمعے کی نماز اور اس طرح کے دیگر اجتماعات کو ملتوی کر دیا ہے جبکہ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26ہوگئی ہے۔چین کے بعد ایران وہ ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے کہا کہ تمام اجتماعات تاحکم ثانی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔