بھارت اندرونی شورش سے توجہ ہٹانے کیلیے کھیل کھیل رہا ہے‘ پاک فوج

105

راولپنڈی(خبرایجنسیاں) پاک فوج کے نئے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہاہے کہ بھارت اندرونی شورش سے توجہ ہٹانے کے لیے کھیل کھیل رہاہے۔راولپنڈی میں پہلی پریس کانفرنس کاآغاز انہوں نے تلاوت قرآن سے کیااور سورۃ طہٰ کی 25سے 28تک آیات تلاوت کیں۔میجر جنرل بابر افتخار نے خبردار کیا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرات درپیش ہیں اگرخطے میں جنگ چھڑی تو اس کے غیر معمولی نتائج نکلیں گے،2 نیوکلیئر طاقتوں کی جنگ میں ناقابل تلافی نقصان ہوگا، ہم ہر وقت 100فیصدتیار ہیں، ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ترجمان کا کہناتھا کہہماری کوشش ہے کہ امن کا راستہ اپنایا جائے، 27فروری کو دشمن جو سرپرائز دینا چاہتا تھا خود سرپرائز ہوکر گیا۔ بابرافتخار نے کہاکہ بھارتی قیادت کے بیانات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، بھارت کی دفاعی تیاریوں پر نظر ہے، پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، بھارت نے کوئی جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کا تنازع اب پاکستان اور بھارت کا تنازع نہیں رہا بلکہ اب یہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے، مسئلہ کشمیر کو کس طرح آگے لے کر چلنا ہے یہ فیصلہ حکومت کو کرنا ہے۔