ہندو انتہا پسندوں نے بھارتی فوجی کو بھی نہیں چھوڑا

211

نئی دہلی: بھارت کے مختلف شہروں میں مسلم کش فسادات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آر ایس ایس کارکنان اور انتہا پسند ہندوؤں نے بھارتی فوجی کے گھر کو بھی نہیں بخشا اور آگ لگا دی۔

مقامی میڈیا کے مطابق مسلح اور مشتعل ہندو انتہا پسند گروہ نے نئی دہلی کے علاقے کھجور گلی میں تعمیر کردہ مسلمانوں کے گھروں کو نذر آتش کرنا شروع کیا تھا۔

مسلمانوں کے گھروں کو آگ لگانے کے دوران مشتعل گروہ ایک گھر کے سامنے آئے جس پر لکھا تھا محمد انیس لیکن ذیل میں اہلکار بارڈر سیکورٹی فورس بھی درج تھا۔ انتہا پسند ہنوؤں نے بھارتی فوج کی شناخت کو نظر انداز کرتے ہوئے مسلمان ہونے کی بنا پر اس نوجوان کے گھر کو آگ لگادی۔

واقعے کے وقت گھر میں محمد انیس کے والد سمیت دو افراد بھی موجود تھے تاہم وہ حادثے سے پہلے ہی گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے جبکہ محمد انیس جموں و کشمیر کی سرحد پر تعینات بھارتی افواج میں حفاظتی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں مسلم کش فسادات کے دوران اب تک 42 اموات ہوچکی ہیں۔ متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ ہے جبکہ نماز جمعہ پر بھی پابندی عائد ہے۔ 3 مساجد اور ایک مزار کو بھی نذر آتش کردیا گیا ہے۔