بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف مٹھی میں جماعت اسلامی کی ریلی

114

 

مٹھی(نامہ نگار)بھارت میں ریاستی دہشت گردی اور مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت گزشتہ روز صوبائی امیر محمد حسین محنتی و ضلعی امیر میرمحمد بلیدی کی زیرقیادت ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی میں مقامی دفتر سے کشمیرچوک تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،جس میں ہندو مسلمان طلبہ اور تاجروں نے بھرپور شرکت اور مودی سرکار کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب
کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت میں مسلمانوں پر ریاستی تشدد اور ظلم و جارحیت نے مودی سرکار کے سیکولر چہرے کو بے نقاب کردیا ہے کیونکہ یہ صرف مسلمانوں کا ہی نہیں پوری انسانیت کا قتل عام ہے، حقوق انسانی کے اداروں، اوآئی سی سمیت پورے اقوام عالم کو اس کا نوٹس بھارت میں اقلیتوں کی جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،پاکستان میں ہندو اکثریتی علاقے تھرپارکر میں بھارتی مظالم کے خلاف پہلا احتجاجی مظاہرہ خوش آئند بات ہے۔آج گوڈسے کی حواری پورے بھارت پر مکمل طور پر قابض اور گاندھی کی جماعت کانگریس ہندو ووٹ حاصل کرنے کے لیے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ بھارتی اعلیٰ عدالتیں بھی اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے قتل عام پر بی جے پی اور آر ایس ایس کی غنڈہ گردی کو لگام دینے سے گریزاں ہیں ،عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی امن کے ٹھیکیدار امریکا ،برطانیہ مسلمانوںکے بھیانک قتل عام پر ٹس سے مس ہونے کے لیے تیار نہیں،دلی فسادات سے گجرات اور 1984ء کے فسادات کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔ اس موقع پر تاجرایسوسی ایشن کے عہدیدار اور ہندو رہنما کملیش کمار نے کہاکہ مودی گندی ذہنیت کا آدمی ہے،اس نے اپنے آمرانہ و انسانیت دشمن اقدامات سے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت میں آگ لگادی ہے، کوئی بھی مذہب اس طرح کی ناانصافی اور ظلم کی ہرگزاجازت نہیں دیتا۔ ہندو برادری مسلمانوں کے دکھ میں شریک اور بھارت میں انسانیت کے قتل عام کی مذمت کرتی ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع تھرپارکر مولانا میرمحمد بلیدی، جے یوآئی کے مفتی عابد علی، عبدالماجد کمہار نے بھی خطاب کیاجبکہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالباسط ودیگر مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔