پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تیز تر تکمیل موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کو انصاف، روزگار اسکیم کے تحت بلا سود قرضے فراہم کر رہے ہیں تاکہ قبائلی اضلاع کے نوجوان اپنا روزگار شروع کر سکے،ڈی آئی خان ایکسپریس وے کی تکمیل سے نہ صرف جنوبی اضلاع میں تجارتی سرگرمیوں کو فروع ملے گا بلکہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع بھی اس منصوبے سے استفادہ کرسکیں گے، قبائلی اضلاع میں تمام صوبائی محکموں کی توسیع ہوچکی ہے جس سے وہاں کے عوام کو بنیادی خدمات اور سہولیات کی فراہمی میں آسانی ممکن ہو سکے گی۔ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بشمول نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی مجموعی ترقی کے لیے موجودہ صوبائی حکومت حکمت عملی کرچکی ہے اور بہت جلد صوبہ ترقی کی راہ پرگامزن ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں معیشت کی بہتری کے لیے صنعتی زونز کی تکمیل پر تیز تر کام جاری ہے،انڈسٹریل زونز کے قیام سے صوبے میں تجارتی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی،صوبہ خیبرپختونخوا تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ صنعتکاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے موجودہ صوبائی حکومت اقدامات کر رہی ہے جس کے تحت مقامی صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔