دوحہ معاہدہ امریکا کی کھلی شکست اور مجاہدین کی فتح ہے، مشتاق احمد خان

100

پشاور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ دوحہ امن معاہدہ امریکا کی کھلی شکست اور افغان مجاہدین اور عوام کی فتح ہے۔ بے سرو سامان افغان مجاہدین نے جدید وسائل اور ٹیکنالوجی سے لیس امریکی اور اتحادی افواج کو 19سال تک تگنی کا ناچ نچایا اور انہیں شکست فاش دی۔ افغانیوں نے ثابت کردیا کہ افغانستان عظیم سلطنتوں کا قبرستان ہے اور انہیں کوئی غلام نہیں بناسکتا۔ افغانستان کے تمام دھڑوں سے اپیل ہے کہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الافغان مذاکراتی عمل کو کامیاب بنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بونیر کے ایک روزہ دورے کے دوران ضلعی دفتر میں پریس کانفرنس اور قبل ازیں دارالعلوم ترجمان القرآن حاجی آباد میں ختم قرآن و دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بونیر کے امیر حلیم باچا، سیکرٹری جنرل عالم خان، سابق سپیکر صوبائی اسمبلی بخت جہان خان اور جامعہ ہذا کے مہتمم مولانا محمد عرفان نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت کے پاس سینماؤں، ریلوے اور یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے تو سبسڈی ہے لیکن حج کے لیے کوئی سبسڈی نہیں۔ یونیورسٹیوں کے لئے بجٹ میں حصہ رکھا گیا ہے لیکن مدارس کے لئے بجٹ میں کوئی حصہ نہیں۔ گلوکاروں، فنکاروں اور کھلاڑیوں کے لیے تو صدارتی ایوارڈز ہیں، لیکن علماء ، نعت خوان، قاری اور مفسرین کو صدارتی ایوارڈ سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت، نامو س رسالت ، مساجد و مدارس اور دستور کی اسلامی دفعات پر کسی قسم کی مفاہمت نہیں کریں گے۔ یہ ہمارے لیے سرخ لکیریں ہیں، ان کا ہر فورم پر دفاع کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نوجوانوں سے بے نیازی برت رہے ہیں۔ نوجوانوں کو تبدیلی کے خواب دکھا کر دھوکا دیا۔مہنگائی عروج پر ہے، معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا۔ تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہیں، فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 60روپے ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہجماعت اسلامی یوتھ 23 مارچ کو پشاور میں نوجوانوں کے لیے پاکستان یوتھ کنونشن کا انعقاد کررہی ہے۔ کنونشن میں صوبہ بھر سے نوجوانوں کو شریک کرائیں گے اور انہیں گائیڈلائن دیں گے۔ علاوہ ازیںمشتاق احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر کی خدمات قابل تحسین ہیں ریاست کے دونوں آزاد خطوں کے کونے کونے تک عوام کی خدمت کرینگے ۔ اس موقع پرمیاں عبدالشکور،راجا فاضل تبسم،ڈاکٹر ریاض احمد ،آفتاب عالم ایڈووکیٹ،کرنل ظفر رشید عباسی،بریگیڈئرمحسن مرزا سمیت دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن نے آزاد کشمیرمیںگزشتہ سال 11کروڑ روپے عوامی منصوبوں پر خرچ کیے ،آرفن کیئر پروگرام کے تحت 5کروڑ روپے خرچ کیے،متاثرین زلزلہ ،یتیم بچوں کی کفالت،پینے کے صاف پانی سمیت منصوبے شامل ہیں،الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیرگلگت بلتستان کی سب سے بڑی سماجی تنظیم بن چکی ہے،الخدمت فائونڈیشن کی کوشش ہے کہ آزاد کشمیرکے ہر گائوںتک پانی کے صاف پانی کا اہتمام کی جائے گا،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے اندر کوئی ایک بھی غریب یتیم بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔