مصطفی کمال اپنا حساب بھی تو دیں

320

پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے میری غداری کی وجہ سے مائوں کی گود اُجڑنا بند ہوگئی ۔ وزارت نہیں چاہیے مجھے غدار رہنا ہی پسند ہے ۔ مصطفی کمال نے جب الطاف حسین سے غداری کی تھی تو اس وقت یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ28برس اس آدمی کے کہنے پر را کے ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا ہوں ۔ مصطفی کمال کو واپس لانے والوں نے تو ان کو پاک صاف کر دیا ہے لیکن28 برس تک جو خدمات انہوں نے انجام دیں جن کے صلے میں انہیں سٹی ناظم بھی بنایا گیا اس سے جتنی مائوں کی گودیں اُجڑیں ان سب میں وہ ایم کیو ایم اور را کے ایجنٹ کے طور پر برابر کے شریک تھے ۔ صرف الطاف حسین سے لا تعلقی کا اعلان اور اسے گالیاں دینا ان جرائم کو معاف کرنے کے لیے کافی نہیں ۔ مصطفی کمال پر تو کراچی والوں کا بہت بھاری قرض بھی ہے کہ نہ صرف مائوں کی گود اجاڑی بلکہ نعمت اللہ خان اور جماعت اسلامی کے ہاتھوں سنوارے ہوئے کراچی کو بھی اجاڑ دیا ۔ کراچی میں چائنا کٹنگ کس نے کی ۔ پارکوں کو کس نے یونٹ اور سیکٹر آفس بنایا ، کراچی کی گرین بسیںکس نے غائب کیں ۔ پانی کے نعمت اللہ خان کے منصوبوں کو کس نے سبو تاژ کیا ۔ ماس ٹرانزٹ میں کس نے رکاوٹ ڈالی ۔ ساری خرابیاں پیدا کر کے آپ فرماتے ہیںکہ میں غدار رہنا پسند کروں گا۔ مصطفی کمال خواتین سے خطاب کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے عزائم کے لیے انہیں آگے آنے کا کہہ رہے ہیں لیکن پہلے جن خواتین کی گود اجاڑ چکے ان سے بھی حساب کتاب کر لیں ۔ اس پر کوئی بات کیوں نہیں کرتے ۔