پشاور (آن لائن) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کو روکنے کے لیے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے ہیں جبکہ کورونا کا کوئی کیس سامنے آنے کی صورت میں تمام طبی مراکز اور دیگر متعلقہ اداروں کو سٹینڈرڈ پروٹوکولز جاری کردیے گئے ہیں ، صوبے میں ابھی تک کورونا کا کوئی بھی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا تاہم حفاظتی تدابیر کے طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ یہ بات منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے متوقع پھیلائو کے موثر تدارک کے لیے محکمہ صحت کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بتائی گئی۔ سیکرٹری صحت نے اجلاس کے شرکاء کو کورونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی ۔کورونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت کی تیاریوں اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے ان انتظامات کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اﷲ کے فضل سے صوبے میں ابھی تک کوئی کیس سامنے نہیں آیالیکن صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمے داریوں سے ہر گز غافل نہیں ۔ اُنہوںنے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کے خوف و ہراس کا شکار نہ ہوں بلکہ احتیاطی تدابیر پر زیادہ سے زیادہ عمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ فی الحال صورتحال تسلی بخش ہے لیکن ضرورت پڑنے پر صوبائی حکومت ہر قسم کے اقدامات اُٹھانے اور تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے ۔