پاکستان کا افغان مسئلے پر اب پیچھے رہنا ہی بہتر ہے، ایاز وزیر

130

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں پاکستان کے سابق سفیر ایاز وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا افغانستان کے معاملے میں پیچھے رہنا بہت بہتر ہے، اب اگلا مرحلہ انٹرا افغان مذاکرات ہیں،دونوں ملکر آئندہ کیلیے افغانستان کا جو بھی نقشہ بناتے ہیں ہمیں وہ مان لینا چاہیے، مداخلت نہیں کرنی
چاہیے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان اورخطے میں امنکیلیے جتنا کردار ادا کیا ، اس پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔لیکن اب اگلے مرحلے میں جب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان انٹراافغان مذاکرات ہونے ہیں تو پاکستان اپنے آپ کو جتنا پیچھے رکھ سکتا ہے بہتر ہے۔ کیونکہ طالبان بھی افغان ہیں اور افغان حکومت بھی افغان ہے۔دونوں ملکر آئندہ کیلیے افغانستان کا جو بھی نقشہ بناتے ہیں ہمیں وہ مان لینا چاہیے، مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان دونوں کے مذاکرات میں کہیں کوئی رکاوٹ آتی ہے اورافغان حکومت یا طالبان میں کوئی اگر ہماری بات سنتا ہے تو پاکستان کو ان کو کہہ دینا چاہیے کہ معاملہ خود حل کریں، اس معاہدے کو توڑیں مت بلکہ ملک میں امن لے کر آئیں۔اس سے زیادہ ہمارا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔ واضح رہے افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کاکہنا ہے کہ پاکستان نے بڑا سپورٹ کیا ، خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔