حکومت مسلسل مہنگائی میں اضافہ کرکے غریبوں سے روٹی کا نوالہ تک چھین رہی ہے

123

بدین (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر غلام رسول احمدانی نے کہا کہ بدین سمیت ضلع بھر کے معذور افراد کو 13ماہ سے تنخوائوں کی عدم ادائیگی ظلم کی انتہا ہے، حکومت نے ایک جانب مہنگائی بے روزگاری میں مسلسل اضافہ کر کے غریب طبقے سے ایک وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے دوسری جانب ملازمین کی تنخوائیں روک کر انہیں فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے ، آئے روز روزمرہ اشیا میں اضافہ حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد اقصیٰ بدین میں میڈیا کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے قیام عمل و دیگر مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ضلع بھر میں معذور افراد کوٹے میں بھرتی ہوئے ملازمین کو 13ماہ سے تنخوائیں بند کرکے انہیں فاقہ کشی بھوک افلاس والی زندگی بسر کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ملازمین روزانہ سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہورہے ہیں لیکن کوئی سننے والا نہیں ہے یہ معذورافراد کو بیروزگار کرنے کی نئی سازش تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں معذور افراد کی کوٹے میں بھرتی ہونے والے نئے معذور افراد کو تنخوائیں فوراً ادا کرکے انہیں فاقہ کشی والی زندگی سے بچایا جائے۔