چین اور ایران سے آنے والے شہری پی ایس ایل میچز دیکھنے اسٹیڈیم نہ آئیں

236

کراچی: سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ چین اور ایران سے واپس آنے والے شہری اور ان کے اہلخانہ پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کراچی اسٹیڈیم نہ آئیں۔

کمشنر کراچی نے کرکٹ بورڈ سے باضابطہ رابطہ کیا ہے جس میں کراچی میں میچز کے انعقاد کے لیے تیاریوں پر اعتماد میں لیا اور آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کا کوئی خوف نہیں ہے جبکہ طبی ماہرین نے بھی کلیئرئس دے دی ہے۔

سندھ حکومت نے کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے لیے غیر معمولی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تھرمل اسکینرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کی اسکرینگ کی جائے گی۔

سندھ حکومت نے شائقین کرکٹ سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور ایران سے واپس آنے والے شہری اور ان کے اہلخانہ پی ایس ایل کا میچ دیکھنے کراچی اسٹیڈیم نہ آئیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے معروف صابن بنانے والی کمپنی سے رابطہ کیا ہے جس کے نتیجے میں نجی کمپنی نے سندھ حکومت کو ہاتھ صاف کرنے کی مشین مفت فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

واضح رہے کہ 12 مارچ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔