اسلام آباد: وزارت قومی صحت سروسز (NHS) نے سگریٹ اور تمباکو سے بنی اشیاء سے متعلق ہر قسم کے اشتہار پر پابندی عائد کردی۔
NHS کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے مطابق دکانداروں کو کیش کاؤنٹر پر بھی سگریٹ کے پیکٹ رکھنے سے منع کردیا گیا ہے جبکہ دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہیں کہ سگریٹ اپنی دکانوں کے اندر بھی کھلے عام نہ رکھیں بلکہ چھپا کر رکھیں۔
سڑکوں پر سگریٹ کی مصنوعات بیچنے والوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
NHS کے تمباکو کنٹرول سیل کے ٹیکنیکل ہیڈ ڈاکٹر محمد ضیاء کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نئی نسل کو تمباکو نوشی سے بچایا جاسکتا ہے۔ اب دکانداروں کو بھی تمباکو سے بنی اشیاء کو چھپا کر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سگریٹ کی پیکٹ دکانوں میں کھانے پینے کی چیزوں کے پاس رکھے ہوتے تھے جس کے باعث بچوں اور نوجوان نسل میں اس کا رجحان بڑھ رہا تھا۔
SRO کے مطابق اب میڈیا پر تمباکو سے بنی تمام اشیاء کے اشتہار پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ کمپنیوں کی جانب سے فری گفٹ، یا اپنی مصنوعات کی پروموشن کیلئے آفر متعارف کروانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔