یونیورسٹیوں کو تعلیمی کارکردگی و مالی امور کا حساب دینا ہو گا، شاہ فرمان

76

پشاور (اے پی پی)گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے صوبے کی تمام اعلیٰ تعلیمی جامعات کو واضح پیغام میں کہاہے کہ وہ اپنا نظام ٹھیک کریں، تمام یونیورسٹیوں کواپنی تعلیمی کارکردگی اور مالی امور کا مکمل حساب دینا ہو گا،طلبہ کے مستقبل پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، اگر کسی بھی یونیورسٹی نے سینیٹ کے فیصلوں کوسینڈیکیٹ میںسنجیدہ نہیں لیا توسخت ایکشن لیاجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ کالج پشاور میںسینئر ایلو منائی ایسوسی ایشن اسلامیہ کالج کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا کا کہناتھا کہ اسلامیہ کالج کو جس سوچ کی بنیاد پرقائم کیاگیا تھا ہمیں اس سوچ اور مقصد کو زندہ رکھناہے ، اسلامیہ کالج جیسے ادارے میں تربیت کا فقدان معاشرے کی تباہی کا باعث ثابت ہو گا ،انہوں نے کہاکہ پیشہ ورانہ ذمے داریوں کی ادائیگی کے لیے ایمانداری لازمی جز ہے، تعلیمی ادارے معاشرے کے مختلف شعبوں کے لیے لیڈرشپ پیدا کرتے ہیں ۔اس موقع پر گورنرنے سینئر ایلو منائی ایسوسی ایشن کے صدر زمان خان، جنرل سیکرٹری فیاض احمد اوردیگر کابینہ اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف بھی لیا ۔ تقریب میں اسلامیہ کالج کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد خان، کالج کے فیکلٹی اراکین، طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔