ریاست مخالف بیان دینے پر علی وزیر کے خلاف کاروائی کا اعلان

56

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے خلاف ریاست مخالف بیان دینے پر کارروائی کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی ایم کا پاکستان مِخالف ایجنڈاکھل کر سامنے آیا تھا۔ پختون تحفظ موومنٹ کے رہنما و رکن قومی اسمبلی علی وزیرنے امریکا سے پاکستان تباہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔چارسدہ میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران علی وزیر نے کہا کہ امریکا
نے افغانستان کو تہس نہس کرکے پختونوں کو تباہ کردیا۔اب جب تک امریکا دہشت گرد کے اڈے جی ایچ کیو، اسلام آباد، لاہور ، پنڈی کو تباہ نہیں کرے گا اسے پاکستان نہیں آنے دیں گے۔اسی متعلق قومی اسمبلی میں صحافی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے سوال کیا کہ علی وزیر نے لاہور،اسلام آباد اور راولپنڈی کو دہشت گردی کے اڈے کہا، کیا آپ اس پر کارروائی کریں گے؟۔اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اس متعلق ضرور کارروائی کی جائے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ساری تفصیلات لے کر کارروائی کی جائے گی۔تاحال قومی اسمبلی کی طرف سے ایم این علی وزیر سے کوئی وضاحت طلب نہیں کی گئی۔جب کہ اشتعال انگیز تقریر اور پرچم کی بے حرمتی کرنے پر رہنما پشتون تحفظ موومنٹ و رکن قومی اسمبلی علی وزیر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔چارسدہ ایس ایچ او کی مدعیت میں علی وزیر کیخلاف اشتعال انگیز تقرریر اور پرچم کی بے حرمتی پر مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ میں د فعہ 153، 120اے اور 121 اے کی دفعات شامل کی گئیں۔ مقدمے میں کہا گیا کہ علی وزیر نے تقریر کے ذریعے سے لوگوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی ساتھ ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔علی وزیر نے ملک کو تباہ کرنے کے لیے امریکا کو اکسایا۔علاوہ ازیں چارسدہ جلسے میں قومی پرچم لہراتے ’’پاکستان زندہ باد ‘‘کے نعرے لگانے پر پی ٹی ایم کے کارکنوں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ قومی پرچم کی بے حرمتی بھی کی۔