پشاور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کا کہنا ہے ٹیکس ادا نہ کرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے آمدن سے زائد اثاثوں کے حامل اور ٹیکس چور داکٹروں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ فہرست میں 1000 سے زائد ڈاکٹروں کا نام شامل ہے جن کے خلاف ادارے نے قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق فہرست میں پشاور، ایبٹ آباد، بنوں ور مردان سمیت دیگر اضلاع کے ڈاکٹرز کے نام شامل ہیں جن کا ٹیکس ریکارڈ کم جبکہ آمدنی زائد ہے۔ ادارے کا مزید کہنا ہے کہ ٹیکس نہ دینے والے ڈاکٹروں کی تعداد ہزاروں میں ہے جن کے خلاف مرحلہ وار قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے ڈاکٹروں کے بیرون ملک دوروں اور بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔ نجی کلینک چلانے والے ڈاکٹروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔