ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش ،5 افراد جاں بحق، 8 زخمی

116

حیدرآباد/کوئٹہ /پشاور/اسلام آباد(نمائندہ جسارت /خبر ایجنسیاں) ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اتوارتک جاری رہے گی۔سندھ کے شہرحیدرآباد ، ٹنڈوالٰہیار ، سکھر، نوابشاہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم سرد ہوگیا تاہم بجلی کا طویل بریک ڈاؤن نے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا کردیں۔ نواب شاہ اور گردونواح میں تیزبارش کے ساتھ ژالہ باری سے تیار فصلوں کو شدید نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ خیبر پختونخو اا میں بارش اور برف باری کے نتیجے میںچھتیں اور دیوار گرنے سے 5افراد جا ں بحق جبکہ 8 افراد ہو گئے۔صوبے بھر میں مجموعی طور پر3 مکانات کو نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے حکام نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کاروائیاں کرنے کی ہد ایات بھی جاری کر دیں ہیں۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے آزاد کشمیر، گلگت، ملاکنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔بارشوں کی وجہ سے کئی شہروں میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کو گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری رہی۔