وزیراعلیٰ بلوچستان نے سول اسپتال میں چلڈرن ایمرجنسی سینٹر کا افتتاح کردیا

89

کوئٹہ (نمائندہ جسارت )وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے سول اسپتال کوئٹہ میں 12 وارڈز اور 150 بستروں پر مشتمل چلڈرن ایمرجنسی سینٹر کا افتتاح کردیا۔وزیراعلی جام کمال نے سول اسپتال میں اپنی نوعیت کے پہلے چلڈرن ایمرجنسی سینٹر کا افتتاح کیا جو 27 کروڑ روپے کی لاگت سے پانچ سال میں مکمل ہوا، وزیراعلی بلوچستان نے سینٹر کا معائنہ کیا جہاں انتظامیہ نے انہیں تفصیلی بریفننگ دی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ سندھ کے بعد بلوچستان میں اس طرز کا چلڈرن ایمرجنسی سینٹر بنایا گیا ہے، بلوچستان میں بچوں کی دیکھ بھال کے لیے جدید سہولیات کی ضرورت تھی، جس کے پیش نظر صوبائی حکومت نے اہم معاہدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ماں اور بچوں کی شرح اموات سب سے ذیادہ ہیں جس پر قابو پانے کیلیے اس طرح کے سینٹرز کارگر ثابت ہوں گے۔جام کمال نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے، سرحدیں بند کرنے کا درست فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، تفتان میں زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلیے وفاق سے رابطہ کیا ہے، ایرانی حکومت کو درخواست کی کہ زائرین کو قرنطینہ میں وقت مکمل کرنے کے بعد بیجھا جائے،کوئٹہ کے نواح میں قرنطینہ سینٹر قائم کیاجارہاہے جہاں ایران سے آنے والے مزید زائرین کو رکھا جائے گا، بارڈرز کی بندش سے تجارت کے متاثر ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں جام کمال نے کہا کہ انسانی جانوں سے زیادہ تجارتی سرگرمیاں اہم نہیں، کورونا وائرس کی روک تھام کیلیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔