حکومت گندم کی فصل کو بیماری سے بچائے،آٹے بحران کاخدشہ ہوجائیگا ،علی گورایہ

303

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمد گورایہ نے کہا کہ حکومت گندم کی فصل کو زرد کنگھی (رسٹ) کی بیماری سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے، بصورت دیگر گندم اور آٹے کا بحران شدت اختیار کر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے سبب ہوا میں نمی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے زرد کنگھی کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث گندم کے کاشتکار شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اس بیماری سے بچائو کے لیے استعمال کی جانے والی زرعی ادویات کو بھی ذخیرہ اندوز اور منافع خور مافیا نے مارکیٹ سے غائب کردیا ہے اور کاشتکار اپنی گندم کی فصل کو بیماری سے بچانے کے لیے اس کی ادویات کو انتہائی مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ زراعت اور دیگر ادارے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خور مافیا کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر اس وبا کو روکنے کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو کسانوں کی ساری محنت خاک میں ملنے کا اندیشہ ہے۔ وبا سے پیداوار میں 10 سے 20 فیصد تک کمی واقعہ ہوتی جبکہ بعض اوقات گندم کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوجاتی ہے۔ گزشتہ سال بھی اس بیماری کی وجہ سے گندم کی پیدوار میں کمی واقع ہوئی، جس کے باعث عوام کو ابھی تک مہنگے داموں گندم اور آٹا خریدنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں میں نمی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث گندم کی فصل پر سرخی مائل مرض یعنی لیف رسٹ، سٹرایپ رسٹ اور سٹیم رسٹ کا حملہ ہوچکا ہے۔ یہ گندم کے فصل کا وبائی مرض ہے، جس کا مزید پھیلنے اور فصل کو مکمل تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔ گندم ہمارے ملک کی اہم فصل ہے، پچھلے برس گندم کی پیداوار میں کمی کی وجوہات میں کنگی یا رسٹ کی بیماری شامل ہے۔ مشاہدہ میں آیا کہ بارشوں کے بعد رسٹ یا کنگی کا حملہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر محکمہ زراعت کوگندم کی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کے احکامات جاری کرے اور فصل پر کنگی کے حملے کے خاتمے کے لیے کاشتکاروں سے اپنی نگرانی میں پھپھوند کُش زہروں کا استعمال کروائیں۔