کوئٹہ ،پولیس کی متعدد کارروائیاں ،256 ملزمان گرفتار،منشیات برآمد

140

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) محکمہ پولیس نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پکڑی گئی منشیات کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی گزشتہ ایک ماہ کے دوران کارروائیوں میں بائیس سو کلو سے زائد چرس ، 25 کلو گرام ہیروئن اور 11 کلو گرام افیون برآمد کی گئی ، 256 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ژوب رینج جس میں لورالائی، دکی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، موسیٰ خیل اور شیرانی سے منشیات فروشی اور اسمگلنگ کے الزام میں 15 ایف آئی آر درج اور 15 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 21.226 کلو گرام چرس، 20.157 کلو گرام ہیروئن اور 2.43 کلو گرام افیون پکڑی گئی جبکہ قلات رینج جس میں خضدار، لسبیلہ، قلات، خاران، واشک اور آوران شامل ہیں، یہاں 59 ایف آئی آر درج جبکہ 60 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 122.015 کلو گرام چرس، 0.716 کلو گرام ہیروئن اور 7.469 کلو گرام افیون ضبط کی ہے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سبی رینج جس میں سبی، ہرنائی، زیارت، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے علاقے شامل ہیں۔ یہاں 17 ایف آئی آر درج ہوئی ہیں اور 17 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ 2.752 کلو گرام چرس، 0.014 کلو گرام ہیروئن جبکہ شراب کی 216 بوتلیں اور 0.015 کلو گرام افیون برآمد کی ہے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مکران رینج جس میں گوادر، کیچ اور پنجگور شامل ہیں یہاں 69 ایف آئی آر در ج کی گئیں اور 73 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ 1520.735 کلو گرام چرس 0.13 کلو گرام ہیروئن 0.709 کلو گرام افیون اور 96 شراب کی بوتلیں بحق سرکار ضبط کی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں نصیر آباد رینج جو نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، کچھی اور جھل مگسی پر مشتمل ہیں وہاں 22 ایف آئی آر درج ہوئیں، 23 ملزمان گرفتار ہوئے، 323.932 کلو گرام چرس، 0.579 کلو گرام ہیروئن، 0.523 کلو گرام افیون اور 15 شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں۔ جبکہ کوئٹہ رینج جو کوئٹہ، پشین، نوشکی، مستونگ، چاغی اور قلعہ عبداللہ کے علاقوں پر مشتمل ہے وہاں 71 ایف آئی آر درج ہوئیں، 68 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ 248.203 کلو گرام چرس، 4.307 کلو گرام ہیروئن اور 28 بوتلیں شراب برآمد کی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں مجموعی طور پر 253 ایف آئی آر درج ہوئیں، 256 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 2238.863 کلو گرم چرس، 25.903 کلو گرام ہیروئن 11.146 کلو گرام افیون اور 355 بوتلیں شراب کی پکڑی گئی ہیں۔