کروناوائرس: ایران سے آنے والے 110 زائرین تاحال ٹریس نہ ہوسکے

368

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کروناوائرس پر ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وزیرصحت، وزیربلدیات، مشیرقانون اور چیف سیکریٹری نے شرکت کی،

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کورکمانڈر کراچی اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سمیت آئی جی سندھ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ بھی شریک ہوئے،

اجلاس میں سیکریٹری صحت، کمشنرکراچی، ایڈیشنل آئی جی، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ایئرپورٹ، سی ایاے، ایف آئی اے اور آغاخان اسپتال کے ڈاکٹر فیصل نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کرواناوائرس سے متعلق بر یفنگ دی گئی کہ ایران سے کل زائرین 2355 ہیں جن میں سے گزشتہ 14دن میں 1748واپس آئے ہیں،

بریفنگ کے مطابق 497زائرین کو اب بھی ان کے گھروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جب کہ 2245 مکمل ٹریس ہوئے اور باقی 110ٹریس ہونے ہیں، ٹریس نہ ہونے والوں میں 109 کا تعلق کراچی اور ایک کابدین سے ہے،

اجلاس میں وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ آج کروناوائرس کا ایک مشتبہ ٹیسٹ کرایا وہ منفی آیا، وائرس کے 2 ٹیسٹ بھجوائے ان کے نتائج آنے باقی ہیں، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا سے بات کی ہے، ڈاکٹرظفرمرزا نے ہر طرح کا تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،

بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ سندھ میں کروناوائرس کے 68 ٹیسٹ کئے گئے، پنجاب میں 75، اسلام آباد میں 59، کے پی میں 24ٹیسٹ کئے گئے۔ بلوچستان میں 8، آزادکشمیر میں 3، گلگت بلتستان میں 14ٹیسٹ ہوئے ہیں۔