ہر سطح پر حقوق نسواں کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا، سردار مسعود خان

137

مظفرآباد (آن لائن) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہر سطح پر حقوق نسواں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، خواتین کی شرکت کے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں، خواتین کی ترقی اور ان کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے استعمال کر نے کے لیے مجموعی طور پر ساز گار ماحول موجود ہے لیکن جو کمی بیشی ہے اسے دور کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وویمن کمیشن آزاد کشمیر کی چیئرپرسن محترمہ تہمینہ صادق کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقا ت کے دوران کرتے ہوئے کیا۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بات نہایت اطمینان کا باعث ہے کہ آزاد ریاست میں خواتین تعلیم کے میدان مردوں کے برابر اور بعض تعلیمی شعبوں میں مردوں سے آگے ہیں۔ آزاد کشمیر میں خواتین کی علیحدہ یونیورسٹی ہے جہاں ہماری ہزاروں بچیاں جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کر رہی ہے اور اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تعلیم ہر قسم کے تعصب اور طبقاتی امتیاز سے پاک جس میں خواتین کو بھرپور شرکت کے یکساں مواقع حاصل ہیں تاہم خواتین کی سول سروس اور دوسرے اداروں میںنمایاں نمائندگی نہیں ہے جسے دور کرنے کے لیے حکومتی اور معاشرتی سطح پر کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک ہم خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کریں گے اُس وقت تک ہماری معاشرتی ، معاشی ، علمی اور قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ہے۔