پی ایس ایل میں تمام اسٹیڈیمز ـ ہائوس فل کا نقشہ پیش کر رہے ہیں

157

 

کراچی (سید وزیر علی قادری )20فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 2020میں شامل6 ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ملتان اور راولپنڈی میں “ہاؤس فل” کے بورڈز سجنے کے بعد اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد پی ایس ایل 2020کے دوران کانٹے دارمقابلے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کررہی ہے۔ایونٹ کے آغاز سے اب تک کئی منفرد ریکارڈز لیگ کی زینت بن چکے ہیں۔ پی ایس ایل 2020 کا دوسرا ہفتہ گزرنے کے بعد مظہر ارشد کی جانب سے فراہم کردہ چند منفرد اعداد و شمار کے مطابقپی ایس ایل کی تیز ترین سنچری ملتان سلطانز کے مڈل آرڈر بلے باز رائیلی روسو نے دوسرے ہفتے میں لیگ کی تیز ترین سنچری جڑھ کر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 43 گیندوں پر سنچری اسکور کی۔ اس سے قبل لیگ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیمرون ڈیلپورٹ کے پاس تھا۔ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف 49 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔رائیلی روسو کی جانب سے 44 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز لیگ کی مجموعی طور پر 7ویں اور ملتان سلطانز کے کسی بھی بلے باز کی پہلی سنچری ہے۔ ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بلے باز کی جانب سے ایک اننگز میںبنانے کا ریکارڈ بھی ایڈیشن 2020 میں بنایا گیا ہے۔ لاہور قلندرز کے وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک نے ایک اننگز میں 10 چھکے لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ۔ انہوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 43 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انہوں نے میچ کے دوران محض 12 گیندوں پر 8 چھکے جڑے تھے۔اس سے قبل یہ ریکارڈبیک وقت 5 بلے بازوں کے پاس تھا۔ عمر اکمل، کیون پیٹرسن، شرجیل خان، کامران اکمل اور کولن انگرام نے ایک اننگز میں 8 چھکے داغے تھے۔سب سے زیادہ لگاتارچھکے بین ڈنک کے نام رہے۔ انہوں نے شاندار اننگز کے دوران ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے دفاعی چیمپئن کے خلاف میچ کے 15ویں اوور میں لگاتار 4 گیندوں پر 4 چھکے لگا کر یہ منفرد ریکارڈ بنایا۔اس سے قبل شاہد آفریدی نے ایڈیشن 2018 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور زلمی کیخلاف جبکہ کیرون پولارڈ نے ایڈیشن 2019 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے خلاف مسلسل 4 گیندوں پر 4 چھکے لگائے تھے۔ڈنک اور پٹیل کے مابین شراکت کی بات کی جائے توآسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز بین ڈنک کا نام تیسری مرتبہ ریکارڈ بک کی فہرست میں اس وقت آتا ہے جب لیگ کی تاریخ کی بڑی شراکت کا ذکر کیا جاتا ہے۔ بین ڈنک نے سمت پٹیل کے ہمراہ 155 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹورنامنٹ کی تاریخ کی دوسری سب سے طویل شراکت قائم کی۔