ہندو انتہا پسند پارٹی نے گاندھی کو ملک کا غدار قرار دے دیا

164

میرٹھ: انتہا پسند بھارتی تنظیم اکھل بھارتیہ ہندو مہا سبھا نے اپنے بابائے قوم گاندھی کو بھارتی فسادات کا ذمہ دار قراد دے دیا اور مطالبہ کیا کہ سرکاری دفاتر سے گاندھی کی تصاویر اور مجسمے ہٹائے جائیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر میرٹھ میں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے اکھل بھارتیہ ہندو مہا سبھا پارٹی کے قومی نائب صدر اشوک شرما نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کا ذمہ دار گاندھی ازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلمان کے درمیان اتحاد کی بات کرنے والے گاندھی غدار ہیں۔

انہوں نے حکومت سے سرکاری دفاتر سے گاندھی کی تصاویر اور مجسمے ہٹانے کا اور شہریت ترمیمی بل کی حمایت کرتے ہوئے ہندوستان کو ہندو راشٹر قرار دیئےجانے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا شاہین باغ میں شہریت بل کے خلاف مظاہرین گاندھی کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں اور اپنے پوسٹرز پر ان کی تصاویر کا سہارا لے کر احتجاج کرتے ہیں۔

اشوک شرما نے مزید کہا کہ 1947 میں بھی ہندوستان کی تقسیم گاندھی کی وجہ سے ہوئی تھی اور اب بھی تقسیم کا خواب دیکھنے والے گاندھی ازم کے ماننے والے ہیں۔