نعمت اللہ خان نے ساری زندگی انسانیت کی خدمت کی، معراج الہدیٰ

144

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ نعمت اللہ خان ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک کردار تحریک اور جہد مسلسل کا نام ہے جس نے اپنی پوری زندگی حق کے غلبے بدی کے خاتمے اور انسانیت کی بے لوث خدمت میں خرچ کردی،نعمت اللہ خان کا نام دیانت کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا،ان کے دور میں ہمارے پاس 18 میں سے 10 ٹاؤن ناظم تھے۔لیکن جو فنڈز ہمارے ٹاؤن ناظم کو ملے اتنے ہی فنڈز دیگر ٹاؤن ناظمین کو بھی دیے گئے۔جب نعمت اللہ خان کو مئیر شپ ملی اس وقت وہ چاہتے تو موجودہ گورنمنٹ کی طرح پچھلی حکومتوں کو چور چور کہہ سکتے تھے لیکن انہوں نے کام کر کے دکھایا اور بغیر کوئی نیا ٹیکس لگا ئے اور کرپشن کا خاتمہ کرکے 6 ارب کے بجٹ کو 42 ارب سے زیادہ کیا۔آج ان کی مئیر شپ کو 15سال گزرجانے کے باوجود بجٹ وہی 42 ارب کا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون آفندی ٹائون و پھلیلی کے زیر اہتمام مدرسہ تفہیم القرآن میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے غربت و افلاس کے مارے پیاسے تھر کی تقدیر بدلنے کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔تھر الخدمت اسپتال، پانی کے کنویں اور اسکولوں کے ذریعے تھر کے عوام کی قسمت بدلنے کی کوشش کی۔ جن کی خدمات کراچی سمیت پورے ملک خاص طورپر تھرکے عوام فراموش نہیں کرسکتے۔ وہ ایک مثالی کارکن بھی تھے اور ایک مثالی لیڈر بھی۔مرحوم نعمت اللہ خان سے محبت و عقیدت کا تقاضا ہے کہ تھر میں دعوت دین کی جدوجہد اور انسانیت کی خدمت والے مشن کو آگے بڑھایا جائے تاکہ ان کی روح کو راحت مل سکے۔ آج ان کی رحلت سے نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان ایک محبت کرنے والے شخص سے محروم ہوگیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید، نائب امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عبدالقیوم حیدر، جماعت اسلامی زون آفندی ٹائون کے امیر عامر فاروق،پریٹ آباد زون کے امیر عدنان دانش، لطیف آباد زون اے کے امیر شیخ شوکت علی اور جماعت اسلامی زون کینٹ کے امیر مشتاق احمد خان بھی موجود تھے۔