وفاقی حکومت ٹڈی دل کیخلاف فوری آپریشن کرے ،جام کمال خان

102

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل سے بلوچستان میں فصلوں کو بہت نقصان ہورہا ہے، وفاقی حکومت فوری آپریشن شروع کرے۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹڈی دل کے خاتمے کے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور دیگر صوبوں کے وزرا اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور اجلاس کو اپنے اپنے صوبوں میں ٹڈی دل کی صورتحال اور تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت کو کرونا وائرس اور ٹڈی دل کے چیلنجز درپیش ہیں جن سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکران اور چاغی جیسے وسیع وعریض علاقوں میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی سپرے سمیت فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے جس کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون ناگزیر ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ متعلقہ وفاقی ادارے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کو مکمل معاونت فراہم کریں گے اور فضائی سروے کے لیے جہاز اور ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں گے، تینوں وزرائے اعلیٰ نے بھی وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقف کی تائید کی۔