بلوچستان کو تجارتی و تفریحی سرگرمیوں کیلیے کھول دیا، جام کمال

82

کوئٹہ(آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہم نے بلوچستان کو تجارتی اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا ہے، سوشل میڈیا اور کمیونی کیشن کے دیگر ذرائع سے دنیا بھر میں بلوچستان کو متعارف کرائیں گے اور بلوچستان کا مثبت تاثر اجاگر کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے کام کررہی ہے جس میں مختلف شعبوں کے ایکسپو کا انعقاد بھی شامل ہے جنہیں ہرماہ منعقد کیا جائے گا جبکہ کھیلوں، سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ بلوچستان کے بارے میں جان سکیں اور انہیں بلوچستان آنے کی جانب راغب کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کی شدت سے ضرورت ہے، یہاں امن قائم ہوچکا ہے اور اب ملکی اور غیرملکی افراد بلوچستان آسکتے ہیں۔