کھیل سے ہی مشکل حالات کا مقابلہ کرنا سیکھا، عمران خان

132

پشاور (جسارت نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کھلاڑی نہ ہوتا تو سیاست میں ہار مان چکا ہوتا، زندگی اونچ نیچ کا نام ہے، گر کر کھڑا ہونے والا پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے، کھیل سے ہی مشکل حالات کا مقابلہ کرنا سیکھا‘ پیر کو قیوم ا سپورٹس کمپلیکس پشاور میں انڈر21گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ زندگی مقابلے کا نام ہے، انہوں نے کہاکہ شکست سے نہ ہارنے والا ہی چیمپئن ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنی شکست کی وجوہات کو سامنے رکھ کر دگنی محنت کرتاہے‘ انہوں نے کہاکہ گرکر کھڑا ہونے والا پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتاہے‘ کوئی بھی دنیا میں آج تک چیمپئن نہیں بنا جو ہار کو سمجھتا نہ ہو‘ انہوں نے کہاکہ اگر ا سپورٹس میں نہ ہوتا تو میں 22 سال تک سیاست نہ کرتا اوربہت جلد ہارمان لیتا‘پڑھائی اور بزنس میں بھی مقابلہ ہوتا ہے، سیاست بھی مقابلے کا نام ہے، چیمپئن ہارنے سے ڈرتا نہیں، سیکھتا ہے، انسان تب ہارتا ہے جب شکست تسلیم کرلے، وزیراعظم عمران خان نے کھیلوں کے انعقاد پر وزیراعلی محمود خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ان گیمز سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔