حیدرآباد:انسداد تجاوزات کی کارروائی کے دوران فائرنگ ،عملہ فرار

142

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لطیف آباد یونٹ نمبر 2 میں یونین آفس سے متصل پلاٹ پر تعمیر کی جانے والی تجاوزات کی انہدامی کارروائی کے دوران بااثرشخص کے سیکورٹی گارڈز نے ہوائی فائرنگ کرکے اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ کے عملے کو کارروائی سے روک دیا، عملہ دھمکیوں کے بعد کارروائی مکمل کیے بغیر روانہ ہوگیا، معاملے کو دبانے کے لیے ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے موقع پر پہنچ کر میئر کے آفس میں معاملے کو رفع دفع کرا دیا۔ لطیف آباد یونٹ نمبر 2 میں یونین کونسل 56 کے دفتر سے متصل خالی پلاٹ چار دیواری کی انہدامی کارروائی کے دوران قریبی رہائشی شخص وسیم راجپوت کے تین سیکورٹی گارڈز نے ہوائی فائرنگ کرکے عملے کو کارروائی کرنے سے روک دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اینٹی انکروچمنٹ سیل کے ڈائریکٹر توحید احمد راجپوت ودیگر افسران موقع پر پہنچے تو ایم کیو ایم زونل کمیٹی کے رکن عرفان راجپوت، راشد ممتاز اور دیگر رہنما بھی پہنچ گئے، جس کے بعد اینٹی انکروچمنٹ سیل کے افسران کو میئر آفس طلب کرلیا گیا، جہاں وسیم راجپوت اور ایم کیو ایم کے رہنما بھی پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بات کے بعد اینٹی انکروچمنٹ سیل کے افسران کو واقعے کی ایف آئی آر درج کرانے سے روکا گیا اور مذکورہ تجاوزات بھی مسمار نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم فائرنگ کے واقع کے باوجود متعلقہ حسین آباد پولیس جائے واردات پر نہیں پہنچی اور نہ ہی کوئی رپورٹ درج کی۔ واضح رہے کہ لطیف آباد میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران ایک ہفتے کے دوران دوسری بار اینٹی انکروچمنٹ سیل کے افسران کو نشانہ بنایا گیا ہے، سیاسی دبائو، دھونس دھمکیوں کے ذریعے لطیف آباد میں تجاوزات کیخلاف کارروائیوں کو روکنے اور افسران کے تبادلوں کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ لطیف آباد میں درجنوں شادی ہالز، سیکڑوں بنگلہ مالکان، سپر مارٹس، پیٹرول پمپز، رہائشی کمرشل پراجیکٹ مالکان نے اپنی حدود سے باہر سیکڑوں گز سرکاری اراضی اور گرین بیلٹس پر قبضے کرکے تعمیرات کر رکھی ہیں۔