کورونا وائرس کے عالم گیر وباء بننے کے خطرات بالکل حقیقی ہیں،عالمی ادارہ صحت

210

چین کے صوبے ووہان سے جان لیوا کورونا وائرس دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اب تک یہ وائرس دنیا کے 104 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فلپائن میں کورونا وائرس کے مزید 15 نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد مجموعی تعداد35 ہوگئی ہے جبکہ شمالی قبرص میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ویت نام میں ایک خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد تعداد32 ہوگئی، بھارت میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں  کی تعداد53 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 3.4 فیصد ہلاکتیں ہوئیں جبکہ فلو کے متاثرین میں ہلاکتوں کی شرح محض ایک فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائرس دنیا کے اتنے ممالک تک پہنچ چکا ہے کہ اس کے عالم گیر وباء بننے کے خطرات بالکل حقیقی ہیں تاہم یہ پہلی عالمی وباء ہے جسے روکا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وائرس کے باعث ہمارے اندازے سے بھی زیادہ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں اور کچھ کو سنگین عارضے بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی کورونا وائرس سے بچنے کے قابل نہیں ہے اس کی وجہ سے ہونے والی سنگین بیماریاں بھی موسمی فلو سے زیادہ ہیں۔