الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، سکندرسلطان

107

پشاور (اے پی پی)چیف الیکشن کمشنر ایم جے سکندر سلطان راجہ نے منگل کو صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر، خیبرپختونخوا شریف اللہ نے انہیں دفتری اُمور سے متعلق بریفنگ دی۔چیف الیکشن کمشنر کو انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی ، کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں اور صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق بریف کیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ دفتر کی عمارت ناکافی ہے اور درست حالت میں نہیں ہے،ریجنل اور ضلع کی سطح پر الیکشن کمیشن کے اپنے دفاتر اور اسٹرانگ روم نہ ہونے کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ جس پر چیف الیکشن کمشنرنے ہدایات جاری کیںکہ جن اضلاع میںالیکشن کمیشن کے پاس پلاٹ موجود ہیں اُن کے فوری طور پر پی سی ون بنائے جائیں،جہاں پر پلاٹ نہیں اُن کی الاٹمنٹ کے لیے فوری اقدامات اُٹھائے جائیںتاکہ الیکشن کمیشن اپنے دفاتر تعمیر کرسکیں۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے تمام افسران پر بھی زور دیاکہ الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار آئینی ادارہ ہے، جس کا کام غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، افسران کو ہدایت کی کہ عوام، ووٹروں، اُمیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیںانتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے بھی یکساں مواقع مہیا کیے جائیں۔