مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

80

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر کردی گئی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج سماعت کرے گا، مریم نواز نے استدعا کی کہ میرے والد کی طبیعت انتہائی تشویشناک ہے، ان کی
تیمارداری کیلیے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بنچ آج درخواستوں پر سماعت کریگا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کر رکھا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت نے نیب سے بھی میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے سے متعلق جواب طلب کررکھا ہے۔مریم نواز نے دائردرخواستوں میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا ہے۔ مریم نواز نے مئوقف اختیار کیا ہے کہ میرے والد محمد نواز شریف کی طبیعت انتہائی تشویشناک ہے۔ میں ان کی تیمارداری کیلیے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ 4 یا 6 ہفتوںکیلیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔قانون کے تحت انہیں بیرون ملک جانے سے روکا نہیں جاسکتا۔ کیونکہ آرٹیکل 15 بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بناتا ہے اس لیے کسی کی نقل وحرکت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔ میرا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپس کرنے کا حکومت کو حکم دیا جائے۔