کورونا وائرس کو شکست ،کراچی پی ایس ایل کی میزبانی کیلئے تیار

99

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ 5ویں ایڈیشن کے میچز ملتان ، راولپنڈی اور لاہور کے بعد کراچی کی رونقیں بحال کرنے کے لیے پرستاروں کے اسٹارز شہر قائد پہنچنا شروع ہوگئے، اسی کے ساتھ تمام افوائیں دم توڑ گئیں ، کورونا وائرس کو شکست ، کراچی پی ایس ایل کی میزبانی کے لیے تیار۔ شائقین میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب یہ خبر میڈیا کے زریعے ان تک پہنچی کہ پی سی بی حکام کے ساتھ سندھ حکومت نے میٹنگ کرکے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پی ایس ایل کے شیڈول میچز سندھ کے دارلحکومت کراچی میں ہونگے۔ صوبائی وزیر اطلاعات ، بلدیات، جنگلا ت و جنگلی حیا ت سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے موثر اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جبکہ بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔کرونا وائرس کی وجہ سے کسی میچ کو ملتوی نہیں کیا جا رہا ۔ پی ایس ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں ہی ہوں گے، کرکٹ کے شائقین کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے جن کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے ان میں کسی کا بھی تعلق ایران یا چائنا سے نہیں ہے بلکہ 3 مریض جن کی نشاندہی ہوئی ہے وہ ایمرٹس کی فلائٹ کے ذریعے لندن سے آئے ہیں جبکہ دبئی کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والوں کے لئے ہوائی اڈے پر اسکریننگ کا انتظام ہے اور تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ہما ر ی عوام کو کرونا وائرس سے ڈرنا نہیں بلکہ اس کا مل کر اور با ہمی یکجہتی کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، کراچی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی طبیعت بتدریج بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ خود تمام حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے قائم ٹاسک فورس کے جائزہ اجلاس کی روزانہ کی بنیادوں پر خود صدارت اور ما نیٹرنگ کررہے ہیں، تمام متعلقہ محکمے اس حوالے سے انتہائی ہائی الرٹ ہیں اور باہمی رابطے میں ہیں لہذا میری عوام سے گزارش ہے کہ وہ اس وائرس سے ڈرنے کے بجائے ڈاکٹرز کی بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دریں اثنا نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کل سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے شیڈول میچز کے آغاز سے قبل تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ترجمان پی سی بی کراچی ریجن کے مطابق شائقین کرکٹ کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسٹاف نے دن رات کام کیا ہے اور ان خامیوں کو دور کردیا ہے جو کسی وجہ سے افتتاحی میچ سے لے کر پہلے مرحلے میں کھیلے گئے دیگر میچز میں رونما ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ عارضی اسپتال بھی اسٹیڈیم کی حدود میں واقع حنیف محمد پرفارمنس بلڈنگ میں قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مریض کو فوری امداد دی جاسکے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے میڈیکل ڈاکٹر اور پیرا اسٹاف کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ تاہم شائقین کا کہناہے کہ وہ اس وائرس سے قطعی خوفزدہ نہیں اور پی ایس ایل کے میچز کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرینگے۔