کوئٹہ ،باراتیوں سے بھری گاڑی کھائی میں جاگری،5 افراد جاں بحق

97

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے علاقے بھاگ ناڑی میں باراتیوں سے بھری گاڑی الٹنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 5افراد جاںبحق ،جبکہ 3زخمی ہوگئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب بھاگ سے گوٹھ جامڑہ جلال خان جانے والی باراتیوں کی گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد عبدالرحمن ولد عبد الغنی عمر 13 سال، سجاد علی ولد محمد انور عمر12سال، حمیرہ بی بی بنت جماالدین عمر14سالہ موقع پر جاںبحق ہو گئے جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے سول اسپتال بھاگ منتقل کیاگیا جہاں ایمرجنسی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو جیکب آباد اور لاڑکانہ ریفر کر دیاتاہم زخمیوں میں شدید دو زخمی راستے میں دم توڑ گئے۔ تدفین گوٹھ جامڑہ میں کردی گئی۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر3افراد کو قتل کردیا، خاتون زخمی ہوگئیں، حملہ ایک شخص کو اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔ لیویزکے مطابق واقعہ گوارگو محلہ جمعہ دار احمد ہیتک کے علاقے میں پیش آیا جہاں رات گئے موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد ایک گھر کے اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد رحمدل عرف خلیل احمد ، محمد صادق اور نسیم جاں بحق جبکہ ایک خاتون خیرالنسا شدید زخمی ہوگئیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آوریاسر ولد فقیر محمد نامی شخص کو اپنے ساتھ ہمراہ لے کر فرار ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی خاتون کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں جبکہ زخمی خاتون کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔