مہنگائی کے سونامی کیخلاف21مارچ کو روڈ کارواں ہوگا،طہٰ خان

94

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطہٰ خاں،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمدانورنے کہاہے کہ مہنگائی کے سونامی کے خلاف21مارچ کو سینیٹرسراج الحق فیصل آباد میں روڈ کارواں کی قیادت کریں گے،ملت چوک، چوک گھنٹہ گھر،سلیمی چوک سمیت پی پی 113کے علاقہ مدنی چوک سمن آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے، جس کے لئے بھرپورتیاریاں کی جارہی ہیں ،راناطٰہ ٰ خاں نے کہاکہ حکومت نے قوم کو تبدیلی کے جو سہانے خواب دکھائے تھے ان کی تعبیر مہنگائی کی صورت میںسامنے آئی ہے ۔ پندرہ ماہ میں بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے علاوہ تو کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی ۔جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے معیشت کا پہیہ الٹا گھما دیاہے ۔ غریب کا چولہا ٹھنڈا ہو گیاہے ۔ موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیاہے ۔ نوجوانوں نے پی ٹی آئی کا ساتھ اس لیے دیا تھاکہ انہیں روزگار ملے گا مگر حکومت کی نااہلی کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے معیشت میں بہتری کے تمام حکومتی دعوئوں کا پول کھول دیاہے ۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت آنے والے سالوں میں بھی اسی طرح بدحالی کا شکار ہے گی اور عوام کو ریلیف ملنے کی کوئی امید نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے پندرہ ماہ میں بیرونی قرضوں میں 35فیصد اضافہ کر کے سابقہ حکومتوں کا بھی ریکارڈ توڑدیاہے ۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ خام خیالی کے سواکچھ بھی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے قرضہ ہی نہیںلیا بلکہ پورا معاشی نظام آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی کمی کے باوجود حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا ۔ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب عوام حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈال کر ان سے اپنی محرومیوں کا حساب مانگ رہے ہوں گے ۔ احتساب کو مذاق بنانے والوں کا اپنا یوم حساب قریب ہے ۔