حیدرآباد ،کورونا وائرس سے بچاؤ کیلے شادی ہالز،ہوٹل 11 بجے بند

113

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایس ایس پی حیدر آباد عدیل حسین چانڈیو نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی حکمت عملی کے تحت حیدر آباد میں 144 نافذ کرکے شادی ہال اور چائے کے ہوٹل 11 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ وہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں حیدر آباد ضلع کے تمام ایس ایچ اوز اور ہیڈ محرر کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے بچاؤ کے لیے حیدر آباد میں تمام شادی ہالز اور ہوٹل 11 بجے بند کرا دیے جائیں اور ان اقدامات پر عملدر آمد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے اور خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تحقیقات کے طریقہ کار میں مزید بہتری لائی جائے۔ اس کے علاوہ عدالت کے احکامات کے تحت گٹکا، مین پوری کیخلاف قوانین میں مزید نئی ترامیم کی گئی ہیں، جس پر سختی سے عملدر آمد کیا جائے۔ روپوش اور اشتہاری ملزمان کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انہیں ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، چوری، ڈکیتی اور رہزنی کرنے والے سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ حیدر آباد ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو کا سخت ایکشن، شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے پر مقدمہ درج، ملزم گرفتار۔ تھانہ پھلیلی کے ایس ایچ او رئیس خانزادہ نے ملزم توکل حسین عرف حارث مغل کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ پھلیلی کی حدود تین نمبر تالاب پر واقع ایک نجی بینکوئٹ شادی ہال کے باہر شادی کی تقریب میں کھلے عام فائرنگ کرنے والے ملزم توکل حسین عرف حارث مغل گزشتہ دن ایڈووکیٹ اللہ بچایو سومرو اٹارنی جنرل حیدر آباد کے بیٹے کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے کے بعد ملزمان نے اپنی وڈیو شوشل میڈیا پر وائرل کردی، جس پر ایس ایس پی حیدر آباد عدیل حسین چانڈیو نے میڈیا پر خبر نشر ہونے پر ایکشن لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کے احکامات دے دیے جس پر ایس ایچ او پھلیلی تھانہ رئیس خانزادہ نے ڈی ایس پی علی محمد مغل کے بیٹے توکل حسین عرف حارث مغل کو سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔