کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آمنے سامنے ہوں گے۔اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔پاک فوج، رینجرز،اسپیشل برانچ کی بھی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ بم ڈسپوزل یونٹ بھی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر موجود رہے گا،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ شائقین کرکٹ کے لیے 4 مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔شائقین وفاقی اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اورغریب نواز فٹ بال گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرسکیں گے،ایکسپو سینٹر اور رعنا لیاقت علی گرلزکالج بھی پارکنگ کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔شائقین کرکٹ کو پارکنگ ایریا سے شٹل بس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم آنیوالے شائقین میچ کے ٹکٹ اور شناختی کارڈ ضرور ساتھ لائیں،پارکنگ کرنے کے لئے بھی اصل شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔
میچ کے دوران کارسازسے اسٹیڈیم جانے والی سڑک عام ٹریفک کے لیے بند رہے گی،ملینیئم مال سے اسٹیڈیم آنے والی شاہراہ بھی عام ٹریفک کے لیے بند رہے گی،نیوٹاؤن سے نیشنل اسٹیڈیم کی جانب آنے والی سڑک پر عام ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسٹیڈیم روڈ پر قائم اسپتالوں میں مریضوں کو نیوٹاؤن کے راستے جانے کی اجازت ہوگی،اسٹیڈیم کے اطراف کے رہائشیوں کو اپنا قومی شناختی کارڈ دکھانے کے بعد آگے جانے کی اجازت ہوگی،یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے۔اسٹیڈیم کے اطراف سروس روڈ پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔