ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم
توبہ کے حوالے سے قرآنِ عظیم نے دو مختلف رویوں کی نشان دہی کی۔ ایک سیدنا آدم و حواؑ کا رویہ اور دوسرا شیطانِ مردود کا طرزِعمل۔ اللہ ربّ العزت نے آدم و حواؑ کو جنّت میں ایک مخصوص درخت کے پاس جانے اور اْس کا پھل کھانے سے منع کیا۔ جب اْن سے غلطی سرزد ہوگئی، تو فوراً اْس کا احساس و ادراک ہوجانے کے بعد ربّ العزت کی بارگاہ میں پلٹے، اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور مغفرت کے خواستگار ہوئے: ’’اے ہمارے پروردگار ہم سے بھول ہوگئی اور ہم نے خود اپنے ہاتھوں خود پرظلم ڈھا لیا‘‘۔ ’’اے مالک! اگر آپ نے ہمیں معاف نہ کیا اور ہم پر رحم نہ فرمایا تو یقینا ہم بڑے خسارے سے دوچار ہوجائیں گے‘‘۔ (الاعراف 23)
دوسری طرف جب شیطان مردود نے اللہ کے بے شمار انعامات، احسانات، تقرب و فضیلت عطا کیے جانے کے باوجود اللہ کے حکم کی مخالفت کی، بجاے اپنی غلطی تسلیم کرنے اور طالب ِ مغفرت ہونے کے سرکشی، بغاوت اور طغیانی کا راستہ اپنایا۔ اپنی اصلاح اور توبہ کے بجاے اپنی غلطی کا الزام بھی اللہ پر لگا دیا۔ لہٰذا، اللہ نے اْس پر ہمیشہ کے لیے توبہ کے دروازے بند کردیے اور اْسے اپنی بارگاہ سے مستقلاً خارج کر دیا۔
قبولیتِ توبہ کی شرائط: قبولیت ِ توبہ کے لیے قرآن میں چند شرائط کا ذکر ہے۔ پہلی یہ کہ انسان اپنی غلطی کا احساس ہوجانے پر آدم و حواؑ کی طرح اعترافِ خطا کرے۔ خودکو کسی فریب کا شکار ہونے دے نہ کسی بے بنیاد اور بے حیثیت سہارے کے آسرے پر رہے۔ اللہ کے سوا معاف کرنے اور سزا سے بچانے پر کوئی ذرّہ برابر بھی قادر نہیں۔ دوسری شرط یہ ہے کہ معافی کے لیے انسان اللہ کی طرف رجوع کرے۔ کسی قسم کی فکری وعملی بغاوت، سرکشی اور بے نیازی کا مظاہرہ نہ کرے۔ انسان کودنیا بھر میں کہیں امان مل سکتی ہے نہ سکون، سواے رب العالمین، پروردگار و مالک، رحیم و کریم خداے برحق کے دامنِ عفو وکرم اور سائبانِ رحمت کے۔ تیسری شرط یہ ہے کہ انسان فی الفور اپنی غلطی کی اصلاح، کوتاہی کی تلافی کرے، بگڑی ہوئی بات کو درست کرلے۔ یہ گناہ، خطا اور کوتاہی برقرار رہے، توبہ کی قبولیت اور مغفرت کی اْمید کی جائے، ناممکن ہے کہ بارآور ہو، توبہ قبول اور معافی مل سکے۔ قرآن میں یہ دونوں شرائط بار بار دْہرائی گئیں۔ اپنی غلطی کو اچھی طرح جان کر اس عزم و ارادے اور اعلان کو واضح کیا جائے کہ وہ دوبارہ اس بْرے کام اور غلطی سے شعوری طور پر خود کو دْور اور باز رکھے گا۔ اس عزم و اعلان کے بغیر بھی توبہ کی قبولیت ممکن نہیں۔
توبہ کی قبولیت کی ایک اہم شرط ندامت اور اللہ کے حضور آنسو بہاکر، گڑگڑاکر توبہ کرنا ہے۔ جو شخص توبہ کی فوری قبولیت کا خواہش مند ہو، اْس پر لازم ہے کہ دل میں اپنے گناہ اور خطا پر شرمندگی محسوس کرے اور حتی الوسع تلافی کے بعد اللہ کے حضور پیش ہو۔ گناہ اور خطا پر بغاوت، سرکشی، اطمینان کا احساس اور پشیمانی کے جذبے سے عاری توبہ شاید زبان سے بھی اچھی طرح ادا نہ ہوسکے اور توبہ توبہ کے لفظ ادا ہو بھی جائیں تو دل کا حال تو اللہ خوب جانتا ہے۔ توبہ لوگوں کو دکھانے، جتانے کے لیے نہ کی جائے۔دل کے خالص جذبے، شرمندگی کے قوی احساس، غلطی کے واضح شعور، تلافی اور عاجزی کے ساتھ ربّ، رحمٰن و رحیم کی بارگاہ میں چھپ چھپا کر، لوگوں کی نظروں سے بچ بچا کر، سجدے میں گرکر، آہ و زاری کے ساتھ پیش کی جائے، تو توبہ کہلائے گی۔
توبہ کرنے والے پر لازم ہے کہ حْسنِ عمل کے ذریعے اپنے ربّ کو اپنی سچائی اور خلوصِ نیت کا یقین دلائے۔ اگرچہ اللہ کو سب کچھ خبر ہے۔ نیتیں، ارادے، عزائم، سینے کے راز، سب کچھ۔ تاہم، عملِ صالح بھی مطلوب ہے، جو اس توبہ کو مزید مؤثر و کارگر بنا دے گا۔ سورئہ مریم میں ارشاد الٰہی ہے: ’’جو توبہ کرلیں اور ایمان لے آئیں اور نیک عمل اختیار کرلیں‘‘۔ (مریم 20)
توبہ کے ساتھ تلافیِ مافات اس لیے ضروری قرار دی گئی کہ مہلت ِ عمل اور زندگی محدود ہونے کے باعث ممکن ہے کہ گناہ وخطا کی تلافی یا حْسنِ عمل کا موقع میسر نہ آئے، اگر تاخیر کی جائے۔ بالکل اْسی طرح جیسے فرعون نے مرتے وقت ایمان لانے اور توبہ کرنے کا اعلان کیا، مگر اْس کے پاس مہلت ِ عمل ختم اور موت کا لمحہ حتمی طور پر قریب آچکا تھا۔ لہٰذا یہ بھی توبہ کی شرائط میں سے ہے کہ گناہ کے فوراً بعد توبہ کی جائے، اس کو نہ تو مؤخر کیا جائے، نہ ٹالا جائے۔ اللہ پر توبہ کی قبولیت واجب ہے، مگر اْن لوگوں کے لیے جو محض نادانی میں گناہ و خطا کر بیٹھیں اور پھر فوراً توبہ کرلیں۔ جان بوجھ کر اور مسلسل اور عرصۂ دراز تک گناہ کیے چلے جانا اور وقت ِ آخر توبہ کی رسمی کارروائی توبہ کے دروازے بند کرنے کا موجب ہوسکتی ہے۔ سورہ النساء میں ارشادِ الٰہی ہے: ’’مگر توبہ اْن لوگوں کے لیے نہیں ہے جو بْرے کام کیے چلے جاتے ہیں، یہاں تک کہ جب اْن میں سے کسی کی موت کا وقت آجاتا ہے، اْس وقت وہ کہتا ہے کہ اب میں نے توبہ کی‘‘۔ (النساء 18)
ساری زندگی خوب جی بھر کر گناہ کیے اور خطائیں کیں اور موت آنے پر توبہ کرنا چاہی، ایسے لوگوں کے لیے توبہ کا دروازہ بند ہے۔ البتہ وقت ِ آخر کوئی گناہ ہوگیا، ندامت کے احساس، تلافی کے جذبے اور سچے عزم کے ساتھ توبہ کی جائے، تو موت کی آخری ہچکی سے پہلے توبہ کادروازہ کھلا رہتا ہے، مگر عادی مجرم اور سرکش و باغی انسان کے لیے نہیں۔