ڈیلفانمائش 2020 کا انعقاد 17 تا19 اپریل کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا

455

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز اعجاز احمد مہسرنے کہا ہے کہ مویشی، ڈیری، زراعت، غلہ بانی، ماہی گیری اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش (DALFA 2020) زرعی شعبوں کو معاون اور سازگار ماحول فراہم کرے گی،جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈیری، زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز اور جدید ٹیکنالوجی نمائش (DALFA 2020) کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 منعقدہ تقریب سے منیجنگ ڈائریکٹر بدر ایکسپو سلوشنز، ظہیر نصیر، صدر (ڈی سی ایف اے) ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان شاکر عمر گجر، چیف آرگنائزر اور کنوینر ڈیلفا ایکسپو حارث علی میٹھانی،چیئرمین ڈی سی ایف اے پاکستان سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور کراچی ایکسپو سینٹر میں 17تا 19اپریل2020 میں منعقد ہونے والے ڈیلفا 2020 نمائش کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
یہ نمائش بدر ایکسپو سلوشنز اور ڈی سی ایف اے (ڈیری اینڈ کیٹل اینڈ فارمر ایسوسی ایشن پاکستان) کی مشترکہ نمائش ہوگی۔نمائش میں اونٹ ریس، مویشی شو، پیٹ شو، پھول شو، جدید ٹیکنالوجی، سیمینار اور ورکشاپس، تین روزہ نمائش کا حصہ ہونگی۔

نمائش میں حکومتی اور تجارتی وفود کے نمائندے اور نمائش کنندگان، ریگولیٹری اتھارٹیز اور پالیسی ساز، مشیر، اور دیگر دورہ کریں گے۔ ان کے علاوہ تجارتی تنظیمیں و ادارے، ریسرچ انسٹیٹیوٹ، کنسلٹنسی، انشورنس اور پروجیکٹ اداروں، کریڈٹ کوآپریٹیوز، انجمنوں، مارکیٹنگ، درآمد کنندگان، برآمد کنندگان، کنسلٹنٹ، ڈیلر، ڈسٹری بیوٹرز،مشینری پارٹس مینوفیکچررز، آئی ٹی،سافٹ ویئر ٹیکنالوجی، کولڈ اسٹوریج آلات و سامان تیار کرنے والے بھی اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو اجاگر کریں گے۔اس کے علاوہ اسٹینڈ بائی جنریٹر اور چلر، جانوروں کی پیداوار کی مشینری، جانوروں کی افزائش، صحت، رہائش اور فارم کا سامان، زرعی اور پروسیسنگ ٹیکنالوجیز، پانی اور آبپاشی کے نظام، کرینیں، ٹریکٹرز مینوفیکچررز، سبزیوں اور پھلوں کے واشروں سے دوا ساز کمپنیاں، ذبح کرنے کا سامان اور واٹر اینڈ ایری گیشن سسٹم بنانے والے جیسے شعبوں کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

اعجاز احمد مہسرنے کہا کہ یہ نمائش ایک کامیاب نمائش ہوگی اور حکومت مقامی زرعی شعبوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک کرکے ترقی دینے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کا یہ پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والا سب سے بڑا پروگرام ہے۔یہ نمائش عالمی معاشی راہداری کا ذریعہ بنے گی۔سیکرٹری لائیو اسٹاک ڈیویلپمنٹ گورنمنٹ آف بلوچستان، دوستین جمالدینی کا پیغام بھی خصوصی طور پر پیش کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو اس نمائش کے انعقاد میں کردار ادا کرنے پر خوشی ہے اور اس سے نجی سیکٹر کو بھی موقع ملے گا کہ وہ آگے بڑھے۔

نمائش ڈیری، زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کا باعث بنے گی۔ڈاکٹر نظیر کھلوڑو، ڈی جی سندھ، انیمل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ سیمینارز، کانفرنسوں اور ورکشاپس کا مقصد خاص طور پر عام لوگوں کو آگاہی پیدا کرنا ہے۔قبل ازیں نمائش کے سلسلے کی چیف آرگنائزر ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن پاکستان (ڈی سی ایف اے) اور کنوینر ڈیلفا ایکسپو حارث علی میٹھانی نے بھی کہا کہ ڈیلفا 2020 کا
مقصد ان شعبوں اور اس سے وابستہ صنعتوں میں کام کرنے والے تمام کاروباری اداروں اور ایس ایم ای کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

اس طرح کی نمائش صنعتوں کی جدت اور ترقی کی سمت کا تعین کرتی ہے۔ ان شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاروں کو آپس میں ملنے، مصنوعات اور خدمات کے پورٹ فولیو کو فروغ دینے اور ترقی کا ماحول فراہم کرکے معاشی سرگرمی پیدا کرنے کے بڑے امکانات مہیا کرتی ہے۔نمائش کے زریعے ترقی کے مواقع نہ صرف مقامی افراد بلکہ پوری دنیا میں ممکنہ سرمایہ کاروں کے لئے اجاگر کرنا ہے نمائش میں دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے ساتھ متعدد سرکاری تنظیموں اور معاون اداروں، کارپوریٹ، نجی صنعتوں، ونیورسٹیوں اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو کاروباری مواقع فراہم کرے گی۔