آزادکشمیر حکومت کابھی تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

101

مظفرآباد(صباح نیوز)حکومت آزادکشمیر نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر آزادکشمیر بھر میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج سے 6اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تمام جامعات ،اسکولز،کالجز بند کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر میں بھی آج 14مارچ سے 6اپریل تک تمام تعلیمی ادارے بشمول پرائیویٹ اسکولز وکالجز بند رکھے جائیں گے،تمام پرچہ جات بشمول میٹرک میرپور بورڈ کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔وزیر اطلاعات مشتاق منہاس نے بذریعہ ٹوئٹ فیصلوں سے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ عوام شادی بیاہ کی تقریبات منسوخ کر کے گھروں تک محدود رہیں جبکہ ہر قسم کے سیاسی،دینی وعوامی اجتماعات پر پابندی عاید کردی گئی ہے، ساتھ ہی جملہ میلے،فیسٹیول پر بھی پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر فوری طورپر سخت چیکنگ کے ساتھ بیرون ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔