کورونا سے ہلاکتیں 5 ہزار سے متجاوز ، کئی عالمی رہنما وائرس سے متاثر

103

 

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 5 ہزار سے تجاوز کرگئیں‘ کئی عالمی رہنما وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں کینیڈین خاتون اول، آسٹریلوی وزیرداخلہ،آیت اللہ علی خامنہ ای کے پالیسی مشیر شامل ہیں جنہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے‘ 125 ممالک میں1 لاکھ 34 ہزار سے زاید افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں‘ اسٹاک مارکیٹوں میںشدید مندی رہی۔ سعودی علما کونسل نے کہا ہے کہ مشتبہ مریض باجماعت نماز ادانہ کریں‘ مختلف ممالک میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے جبکہ ٹوکیو اولمپکس گیمز ملتوی کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے 125 ممالک میں 4 ہزار 969 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ دنیا بھر میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار سے زاید ہو گئی‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان سے ملاقاتیں کرنے والے افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد خدشہ
لاحق ہوگیا ہے کہ ’شاید وہ بھی وائرس سے متاثر ہیں‘ کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ ہفتے ملاقات کرنے والے برازیلی صدر کے میڈیا ترجمان فیبیو ونگرتن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔ برطانیہ میں کورونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد10ہزار سے تجاوز کرگئی ہے‘ اٹلی میں ہلاکتیں ایک ہزا ہو گئیں۔ برطانیہ میں کورونا کے باعث 10 اموات ہوئی ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جبکہ ایک شخص اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو چکا ہے ۔ امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ کے مطابق اب تک پورے ملک میں1800 سے زاید کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ اس وائرس سے اب تک 41ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ دوسری طرف چند دن پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے آسٹریلوی وزیر برائے داخلہ پیٹر ڈٹن بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں ‘ امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں‘ تھیٹرز میں روشنیاں بند کر دی گئی ہیں‘ فٹ بال اور ہاکی کے مقابلے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ وال اسٹریٹ میں1987ء کے بعد سب سے شدید مندی کے بعد ایشیائی مارکیٹ میں بھی کمی آگئی‘ جہاں جاپان، تھائی لینڈ اور بھارت کے بینچ مارک میں 10 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ بنکاک اور ممبئی میں تجارت کو مارکیٹ میں 10 فیصد تک کمی آنے کے بعد عارضی طور ر وک دیا گیا تھا‘ یورپی منڈیوں میں بدترین دور کا سامنا کر رہی ہیں‘ جہاں ایک ہی دن میں مارکیٹ 12 فیصد کرگئی ‘ دوسری جانب امریکی بینچ مارک میں خام تیل 1.8 فیصد گر کر 30.90 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ برینٹ میں 1.4 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد 32.75 ڈالر فی بیرل تیل کی قیمت ہوگئی۔ جرمن صوبے لوور سکسنی اور باویریانے تمام اسکولوں کو ایسٹر کی چھٹیوں تک بند رکھنا کا اعلان کر دیا۔ ملائیشیا، سنگاپور، ہانگ کانگ اور فلپائنی دارالحکومت منیلا میں کیتھولک چرچ کی قیادت نے اگلی اطلاعات آنے تک عبادتی اجتماعات بند کر دی ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ سے حالیہ دنوں میں متاثر ہونے والے ممالک میں ٹرینیڈاڈ، ٹوباگو اور گھانا نمایاں ہیں۔ چین میں اب تک3179 افراد موت کے مُنہ میں جا چُکے ‘ ایران میں 429، اسپین میں 86 ، جنوبی کوریا میں 68 اور فرانس میں 48، امریکا میں 40 ، برطانیہ 8 اوربھارت میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ سعودی عرب میں کرونا کے17نئے کسیز کی تصدیق ہوئی‘سعودی عرب کی معتبر سپریم علما کونسل نے کورونا وائرس کے حوالے سے عالم اسلام بالخصوص سعودی شہریوں کی دینی رہ نمائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ افراد مساجد میں باجماعت نمازوں میں شامل نہ ہوں۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے شادی ہالوں، ہوٹلوں اور دیگر ایسے مراکز میں عوامی تقریبات کے انعقاد پر پابندی عاید کردی ہے ۔ کرونا وائرس نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کو بھی اپنا شکار بنا لیا ہے ۔ نیویارک میں “العربیہ” کے نمائندے نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں فلپائن کے مشن کی ایک سفارت کار خاتون کرونا وائرس سے متاثر ہو گئی ہیں۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے پالیسی مشیر علی اکبر ولایتی کو نئے کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر ہونے کے شبے میں قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے ۔ ایرانی عالم دین آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے کہا کہ سنا ہے کہ اسرائیل نے کورونا وائرس کی روک تھام اور علاج کے لیے دوائی تیار کی ہے ‘ اگر اس دوائی کے علاوہ اس وبا کا کوئی علاج نہ تو اس صورت میں اسے استعمال کیا جا سکتا ہے ‘ نیپال نے ماؤنٹ ایورسٹ سمیت ہمالیہ کی چوٹیوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں تا حال کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جب کہ غرب ارن میں اب تک 31 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے ‘اٹلی کے میڈیکل چیف کرونا وائرس سے انتقال کرگئے‘ ٹوئٹر نے پوری دنیا میں اپنے دفاتر بند کردیے ہیں ‘ امریکی کی متعدد ریاستوں میں نماز جمعہ کے اجتماع منسوخ کردیے گئے ہیں‘ چین کے صدر شی جن پنگ نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو فون کیا ہے۔ چینی صدر نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے گفتگو کرتے ہوئے زور دیا کہ عالمی برادری کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوری ایکشن لے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے پہلا شخص ہلاک ہوگیا‘ نئی دہلی دیگر ریاستوں چھتیس گڑھ،منی پور،اترکھنڈ میں بھی اسکول کالج 31مارچ تک بندکردیے گئے۔ ترکی میں پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں میں 16 مارچ سے ایک ہفتہ تعطیل ہو گی‘ترکی میں کورونا وائرس کا دوسرا کیس سامنے آگیا ہے۔