شکیل الرحمان کی گرفتاری، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان

198

اسلام آباد: جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شکیل الرحمان کی گرفتاری پردیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر درخواست تیار کررہے ہیں جسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے ذریعے شکیل الرحمان کی گرفتاری دراصل میڈیا کو دبانے کی کوشش ہے اور آزادیِ صحافت کو سلب کرنے کے مترادف ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا چیئرمین نیب کے حوالے سے کہنا تھا کہ چیئرمین نیب اگر خود استعفیٰ دے دیتے تو بہتر ہوتا۔ اب جو فیصلے ہورہے ہیں وہ مشکوک ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نیب نے سیاسی بنیادوں پر جائیداد خریدنے کے کیس میں شکیل الرحمان کوگرفتار کیا تھا۔