حکومت تعلیمی ادارے بند کرنے کے بجائے کورنا وائرس کے خوف کو ختم کرے

255

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ صابرنے کہا ہے کہ حکومت تعلیمی ادارے بند کرنے کے بجائے کورنا وائرس کے خوف کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا خدانخواستہ پاکستان میں کوئی اتنا اثر نہیں ہے، جتنا واویلا کیا جارہا ہے۔ اس وائرس کا بہانا بنا کر اسکول، کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشن سینٹرز، ایجوکیشنل اکیڈمی اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو تعلیمی نظام کے ساتھ نہ صرف ظلم بلکہ امتحانات کی تیاریوں میں مصروف طلبہ کا تعلیمی مستقبل تباہ کرنے کی سازش ہے۔ کورونا وائرس کے لیے جو احتیاطی تدابیر بتائی جارہی ہیں، ان پر عملدرآمد کرانے کے بجائے صرف تعلیمی نظام کو ہی نشانہ بنانا کسی صورت قابل فہم قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر تعلیمی اداروں میں کی گئی چھٹیاں ختم کی جائیں تاکہ بچوں کے ہونے والے تعلیمی نقصان کو روکا جاسکے اور طبی ماہرین نے جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے مشورے دیے ہیں اس پر عملدرآمد کرایا جائے اور فیس ماسک کی بلیک میلنگ بھی روکی جائے تاکہ فیس ماسک با آسانی مارکیٹ میں دستیاب ہوسکے۔