ن لیگ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے،امیر مقام

162

سوات ( صباح نیوز) مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ، نوجوانوں کو کھوکھلے اور جھوٹے وعدوں سے ورغلانے والوں کا آئندہ انتخابات میں احتساب ناگزیر ہے، سوات میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے ، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے سیاسی کلچر کو آلودہ کر دیا ہے ، تبدیلی سرکار نے ملک کے ہر شعبے اور ادارے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ، نوجوانوں کا ن لیگ کے پلیٹ فارم پر متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے اور یہی جماعت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سنگوٹہ سوات میں مسلم لیگ یوتھ ونگ ،سوات کابینہ اور یوتھ ونگ کے دیگر ذمے داروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخاباتمیں مسلم لیگ کا پیغام بہتر انداز میں گھر گھر نہیں پہنچا اس لیے شکست ہوئی ، اب ایسا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دائیں بائیں چینی اور آٹا چوروں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ، عمران خان نے انتقامی سیاست کی جو بنیاد رکھ دی ہے وہ ملک و قوم اور ہماری سیاست کے لیے خطرناک ہے ، آئندہ الیکشن میں ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔